Tuesday, September 24, 2013

سندھ اور بلوچستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے' پچاس افراد ہلاک


بلوچستان میں منگل کی سہ پہر آنے والے شدید زلزلے میں جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پچاس افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔
 آوارا میں درجنوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ منگل کی سہ پہر پاکستان کے جنوبی صوبوں سندھ اور بلوچستان اور بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت پاکستان کے جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.7 تھی۔
پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد حنیف نے  بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج ر تیس منٹ پر آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 تھی اور یہ زمین سے صرف دس کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس شدت کا زلزلہ طاقت ور درجہ بندی میں آتا ہے اور اس کا مرکز صوبہ بلوچستان کے جنوبی علاقے مکران ڈویژن بنتا ہے اور خضدار سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق میں بنتا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدر آباد، جبکہ صوبہ بلوچستان کے شہروں سبی، بولان، خضدار، اور ڈیرہ مراد جمالی میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے مشرق وسطیٰ میں سلطنت عمان کے علاوہ ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

No comments: