Thursday, December 13, 2018

سام سنگ کا مہنگا ترین فون گلیکسی ایس 10 پلس


سام سنگ گلیکسی ایس 10 کی آمد میں کئی ماہ باقی ہیں مگر اس سیریز کے فونز کے بارے میں لیکس مسلسل سامنے آرہی ہیں۔اب ایک نئی رپورٹ میں گلیکسی ایس 10 سیریز کے فونز کی رونمائی کی تاریخ، دستیابی کی تاریخ، سٹوریج، سکرین سائز اور برطانیہ کے لیے قیمتیں بھی سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 10 کو سام سنگ کی جانب سے سپین میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس سے ایک ہفتے قبل 20 فروری کو متعارف کرایا جائے گا اور اس کے پری آرڈر بھی اسی وقت شروع ہوجائیں گے جبکہ صارفین کو 8 مارچ کو دستیاب ہوں گے۔

یہ فون 3 مختلف سکرین سائز میں سامنے آئے گا یعنی ایس 10 لائٹ 5.8 انچ سکرین، ایس 10 کا ڈسپلے 6.1 انچ جبکہ ایس 10 پلس 6.4 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا۔
ان تینوں کی تصاویر گزشتہ دنوں پہلے ہی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں ، جبکہ ایک 5 جی ورژن بھی ہوگا تاہم اس کی تاریخ رونمائی فی الحال سامنے نہیں آسکی۔

قیمتیں اور سٹوریج  فونز کی سب سے اہم بات
گلیکسی ایس 10 لائٹ میں کم از کم 128 جی بی سٹوریج دی جائے گی جس کی قیمت 669 برطانوی پاؤنڈز (ایک لاکھ 17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی، ایس 10 سٹینڈرڈ کا 128 جی بی سٹوریج والا ورژن 799 پاؤنڈز (ایک لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی سٹوریج والا ماڈل 999 پاؤنڈز (ایک لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد) کا ہوگا۔
ایس 10 پلس تین مختلف سٹوریج ورژن میں دستیاب ہوگا۔
128 جی بی سٹوریج والا ورژن 899 پاؤنڈز (ایک لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد)، 512 جی بی والا ورژن 1099 پاؤنڈز (ایک لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد) جبکہ ایک ٹی بی سٹوریج والا ماڈل 1399 پاؤنڈز (2 لاکھ 45 ہزار روپے سے زائد) ہوگی۔
اس طرح یہ سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین سمارٹ فون بھی ثابت ہوگا جبکہ ریم کے لحاظ سے بھی یہ سب سے طاقتور فون ہے جس میں 12 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے۔
اس بات کا امکان بھی ہے کہ گلیکسی ایس 10 کے ایک ماڈل میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب کیا جائے گا۔
سام سنگ کی جانب سے پہلے سے زیادہ طاقتور پراسیسر ممکنہ طور پر کوالکوم سنیپ ڈراگون 855، نیورول پراسیسنگ یونٹ اور پہلے سے بہتر کیمرے دیئے جائیں گے تاہم ایس 10 لائٹ میں پراسیسر مڈرینج ہوگا جبکہ کچھ فیچرز بھی کم ہوں گے۔

No comments: